موسم کی سختی کے پیش نظر پارکوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے، کمشنر ملتان

6

 

ملتان ، 14 اپریل (اے پی پی ):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان نے کہا ہےکہ موسم کی سختی کے پیش نظر پارکوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اڈا پارک کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے پارک میں سہولیات کا جائزہ لیا اور پارک میں غیر فعال آبشار کو فنکشنل، اوپن ایریا جم میں بہتری لانے کی ہدایت کی۔کمشنر نے واکنگ ٹریک، واش رومز کو بہتر کر کے پارک کی تمام لائٹس روشن کرنے کا بھی حکم دیا۔انہوں نے پارکوں میں عدم دستیاب سہولیات کو 7 دن میں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے مزید کہا کہ پارک شہریوں کے لیے ذہنی سکون، تفریح اور صحت مند طرز زندگی کی علامت ہیں۔پارکوں کی بحالی سے بزرگوں، خواتین اور بچوں کے لیے مثبت تفریحی ماحول میسر آئے گا۔سر سبز پارک صحت مند معاشرے کی بنیاد ہیں، ان کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ ڈی جی پی ایچ اے کریم بخش نے تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔