میڈیکل ایجوکیشن کو پروموٹ کر رہے ہیں، پنجاب کی سرکاری طبی درسگاہوں میں جدید ریسرچ کو فروغ دیا جا رہا ہے، صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق

3

لاہور،13 اپریل (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق میڈیکل ایجوکیشن کو پروموٹ کر رہے ہیں اور پنجاب کی سرکاری طبی درسگاہوں میں جدید ریسرچ کو فروغ دیا جا رہا ہے۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے نارووال میڈیکل کالج میں سالانہ پہلی نارکون میڈیکل کانفرنس میں خصوصی شرکت کی۔وفاقی وزیر چوہدری احسن اقبال نے بطور مہمان خصوصی تقریب میں شرکت کی۔

وفاقی وزیر چوہدری احسن اقبال نے اپنے خطاب میں ملک کی موجودہ معاشی صورتحال، ترقیاتی حکمت عملی اور تعلیم و صحت کے شعبوں میں حکومتی ترجیحات پر روشنی ڈالی۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے محکمہ صحت اور چیف منسٹر کے انیشی ایٹوز پر بات کی۔انہوں نے کہا کہ کانفرنس کا مقصد میڈیکل ایجوکیشن میں نئے رجحانات، تحقیق اور عملی تربیت پر روشنی ڈالنا ہے۔

۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ شعبہ صحت میں ڈاکٹرز کے کردار کو سراہتے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت پنجاب طبی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ تعلیم اور صحت کے ستونوں پر ایک ترقی یافتہ معاشرہ قائم ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام تک صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ لاہور میں ایشیاء کا سب سے بڑا نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ بنایا جا رہا ہے۔ اس کے علاؤہ لاہور اور سرگودھا میں اسٹیٹ آف دی آرٹ نواز شریف انسٹی ٹیوٹس آف کارڈیالوجی بھی بنائے جا رہے ہیں۔

تقریب میں مقررین نے میڈیکل ایجوکیشن کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ کانفرنس کو شرکاء کی جانب سے ایک کامیاب اور بامقصد علمی سرگرمی قرار دیا گیا۔

تقریب میں وائس چانسلر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی و پرنسپل نارووال میڈیکل کالج پروفیسر ظفر چوہدری، سابق نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم، پروفیسر عیس محمد، پروفیسر مجید چوہدری، رکن پنجاب اسمبلی خواجہ وسیم بٹ، ایم ایس اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد سمیت والدین نے شرکت کی۔