اسلام آباد ،17 اپریل (اے پی پی ): وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود نے ملاقات کی، جس میں نوجوانوں کے لیے روزگار، تعلیم اور بین الاقوامی مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ نوجوانوں کو آگے لانا وقت کی اہم ضرورت ہے، اور سندھ کے نوجوانوں کو بھی پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت بہتر نوکریاں اور بین الاقوامی وزٹس کے مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ ترقی کی دوڑ میں شامل ہو سکیں۔
رانا مشہود نے کہا کہ حکومت پاکستان ہنرمند نوجوانوں کو دنیا بھر میں بھیجنے کی خواہاں ہے تاکہ وہ بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں اور ملک کا نام روشن کریں۔ملاقات کے دوران چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام اور سندھ حکومت کے محکمہ اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز کے درمیان رابطہ کاری بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
رانا مشہود نے کہا کہ یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ اس رابطہ کاری کے ذریعے صوبے کے نوجوانوں کو مختلف ممالک میں روزگار، وزٹس اور تعلیم کے لیے بھیجا جائے گا، تاکہ وہ دنیا میں موجود جدید رجحانات سے فائدہ اٹھا سکیں اور ملکی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔