واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارتخانے میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی عالمی مالیاتی اداروں اور امریکی کارپوریٹ لیڈرز سے اہم ملاقات

0

واشنگٹن ڈی سی – وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے پاکستانی سفارتخانے میں عالمی مالیاتی اداروں اور ممتاز امریکی کارپوریٹ شخصیات سے اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان کی اقتصادی ترقی اور نجی شعبے کے کردار پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

وزیر خزانہ نے ملکی معیشت کو مستحکم بنانے اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں نجی شعبے کے کلیدی کردار پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جیسے بڑے اور نوجوان آبادی والے ملک کو آبادی میں اضافے اور موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے نجی شعبے کے اشتراک کی اشد ضرورت ہے۔

پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے پاکستان کو وسطی ایشیا، چین، مشرقِ وسطیٰ اور افریقی ممالک کے لیے ایک گیٹ وے قرار دیا اور امریکی سرمایہ کاروں کو ملک کے آئی ٹی سیکٹر اور معدنی وسائل میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

جاز کے سی ای او عامر ابراہیم نے حکومتی معاشی پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے معیشت کی استعداد کو سراہا، جبکہ فلپ مورس کی جانب سے پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کے ارادے کا عندیہ دیا گیا۔

ورلڈ بینک کے نائب صدر مارٹن ریزر نے حکومتی اصلاحاتی اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے لیے چالیس ارب ڈالر کا دس سالہ پروگرام ورلڈ بینک کی جانب سے ملک سے مضبوط وابستگی کا مظہر ہے۔

آئی ایم ایف کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر بہادر بیجانی نے بھی حکومتِ پاکستان کی معاشی پالیسیوں اور اصلاحاتی عمل کی تحسین کی۔ ملاقات میں باہمی تعاون اور پائیدار ترقی کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔