ورلڈ انٹلیکچوئل پراپرٹی ڈے 2025″ کی مناسبت سے آئی پی او کے زیر اہتمام “سلک روڈ کلچرل سینٹر” اسلام آباد میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام

0

 اسلام  آباد ،30 اپریل (اے پی پی ):ورلڈ انٹلیکچوئل پراپرٹی ڈے 2025″ کی مناسبت سے آئی پی او کے زیر اہتمام “سلک روڈ کلچرل سینٹر” اسلام آباد میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس کا مقصد دانشورانہ املاک کے حقوق سے متعلق آگاہی کو فروغ دینا اور تخلیقی شعبوں سے وابستہ افراد کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔ اس سال جنیوا میں قائم عالمی ادارہ برائے انٹلکچول پراپرٹی (WIPO) نے اس دن کے لیے”فیل دی بیٹ” (Feel The Beat) کے عنوان کا انتخاب کیا، جو موسیقی، کاپی رائٹ اور تخلیقی اظہار کے حق کے گرد گھومتا ہے۔

 تقریب میں دانشورانہ املاک کے تحفظ، تخلیق کاروں کے حقوق، اور عصری ٹیکنالوجی کے کردار پر جامع بحث و مباحثے ہوئے اورعلمی، تخلیقی اور ثقافتی سرگرمیوں کا بھرپور امتزاج پیش کیا۔

تقریب میں پینل ڈسکشن کا اہتمام بھی کیا گیا، جس میں پہلی بار ٹیکنالوجی ماہرین اور فنونِ لطیفہ سے وابستہ شخصیات کو ایک ہی پلیٹ فارم پر لا کر مصنوعی ذہانت (AI) کے فن پر اثرات، تخلیقی عمل، اور ملکیتی حقوق پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔ شرکاء نے اس اہم موضوع پر خیالات کا تبادلہ کیا کہ AI کس طرح روایتی تخلیق اور دانشورانہ املاک کے تصورات کو نئی جہتوں سے روشناس کر رہا ہے۔

پروگرام میں ملک بھر سے آئے ہوئے فنکاروں، موسیقاروں، ادیبوں، ماہرین تعلیم، طلبہ، سفارتکاروں اور سرکاری نمائندوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ تقریب کے مختلف سیشنز میں تخلیقی برادری کو اُن کے قانونی حقوق سے آگاہ کرنے اور قومی ثقافتی ورثے کے فروغ پر زور دیا گیا۔

تقریب کی میزبانی پاکستان کی معروف فنکار اور ثقافتی شخصیت جناب جمال شاہ، چیئرمین “سلک روڈ کلچرل سینٹر” اور چیئرمین آئی پی او پاکستان، سفیر فاروق امیل نے مشترکہ طور پر کی۔ اپنے خطابات میں دونوں معزز شخصیات نے اس بات پر زور دیا کہ فنون لطیفہ کسی بھی قوم کی روح اور شناخت ہوتے ہیں، اور تخلیق کاروں کے حقوق کا تحفظ ایک مضبوط اور باوقار معاشرے کی بنیاد ہے۔یہ تقریب علم، فن، روایت اور جدیدیت کا حسین امتزاج پیش کرتی رہی، اور شرکاء کے لیے ایک بامقصد، فکری اور یادگار تجربے کا سبب بنی۔