اسلام آباد09اپریل، (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف سے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں تین رکنی وفد نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور ملکی و بین الاقوامی حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر اسرائیل کی بلا اشتعال بمباری، ظلم و ستم اور بین الاقوامی قوتوں کی خاموشی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان، صہیونی ظلم و جبر کے شکار فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے، اور ہم ہر بین الاقوامی فورم پر ان کی حمایت جاری رکھیں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مؤقف واضح اور اصولی ہے کہ مظلوم فلسطینی عوام کے حقوق کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ اور آصف لقمان قاضی بھی موجود تھے۔