اسلام آباد، 08 اپریل (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ترکیہ کے وزیر توانائی و قدرتی وسائل الپرسلان بائیرق کی قیادت میں 9 رکنی وفد کی ملاقات ہوئی۔ دوران ملاقات وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں پاکستان اور ترکیہ کے صدیوں پر محیط برادرانہ تعلقات پر فخر ہے، وزیراعظم نے ترکیہ کے وزیر توانائی اور اعلیٰ سطحی وفد کا پاکستان منرلز انویسٹمنٹ سمٹ میں شرکت پر شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے معاشی تعلقات کو نئی وسعت دینے کے کثیر مواقع موجود ہیں۔ترکیہ اور پاکستان کے درمیان سمندر میں تیل اور گیس کی تلاش کے حوالے سے تعاون کے معاہدے سے دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔
دوران ملاقات دونوں اطراف کا توانائی کے شعبے بالخصوص قابل تجدید توانائی میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔
ترکیہ کے وفد نے پاکستان میں توانائی کے شعبے میں جاری اصلاحات کی تعریف کی،ترک وزیر توانائی نے کہا کہ توانائی، بالخصوص بجلی کے شعبے میں اصلاحات اور نجکاری کے سلسلے میں ترکیہ اپنا کامیاب تجربہ پاکستان کے ساتھ شیئر کرے گا۔