وزیراعظم محمد شہباز شریف کا پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 سے خطاب

17

اسلام آباد، 08 اپریل (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان منرلز  انویسٹمنٹ فورم 2025 سے خطاب میں خلیجی ممالک ، یورپ ، چین ، امریکا اور دیگر خطوں سے معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتےہوئے کہا ہےکہ پاکستان کھربوں ڈالر کے معدنی ذخائر سے استفادہ کر کے قرضوں سے آزادی حاصل کر سکتا ہے، معدنیات کی ویلیو ایڈیشن  کر کے برآمدات کو فروغ دیں گے، یہ سرمایہ کاری سب کے لئے فائدہ مند ہے، سرمایہ کار کمپنیاں نوجوانوں کو  ہنر کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کریں، مل کر پاکستا ن کو دنیاکا عظیم ملک بنائیں گے۔

  وزیراعظم نے  فورم میں   غیر ملکی مندوبین کا خیرمقدم کرتےہوئے کہا کہ   وہ انہیں پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے فورم کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دی اور کہا کہ اس فورم کے انعقاد سے مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہو گا اور یہ فورم معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری میں اضافے کا باعث بنے گا۔  وزیراعظم نے  ریکو ڈک منصوبے پر پیش  رفت  کو حوصلہ افزاء قرار دیتے ہوئے کہا کہ منرلز کاشعبہ برسوں سے ہماری توجہ کا مستحق تھا، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کوقدرتی وسائل اور  معدنیات سے مالا مال کیا  ہے، پاکستان میں کھربوں ڈالر کے معدنی ذخائر  ہیں جن سے استفادہ کر کے  پاکستان قرضوں کے چنگل سے آزاد ہو سکتا ہے۔