وزیراعظم کا بجلی صارفین کو بڑا ریلیف، گھریلو صارفین کیلئے قیمت میں 7 روپے 41 پیسے اور صنعتی صارفین کے لئے 7 روپے 69 پیسےفی یونٹ کمی کا اعلان ، بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی سے معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی، شہباز شریف

13

اسلام آباد،3اپریل (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بجلی صارفین کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے گھریلو صارفین کے لئے بجلی کی قیمت میں 7 روپے 41 پیسے اور صنعتی صارفین کے لئے 7 روپے 69 پیسے فی یونٹ کمی کا اعلان کرتےہوئے کہا ہے کہ مستقبل میں بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی کی جائے گی، آئندہ 5 سالوں میں گردشی قرضوں کا مسئلہ ہمیشہ کے لئے ختم ہو جائےگا، بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی سے معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی ، سالہا سال سے بند پڑے زنگ آلود “جنکوز “کو بیچا جائےگا، ڈسکوز کوپرائیویٹائز یا پروفیشنلائز کیاجائےگا، سالانہ 600 ارب روپے کی بجلی چوری کا مکمل خاتمہ کرنا ہوگا، نجکاری و رائٹ سائزنگ کےبغیر پاکستان ترقی نہیں سکتا۔ جمعرات کو ان خیالات کا اظہار وزیراعظم بجلی کےنرخوں میں کمی کے حکومتی پیکج کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتےہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزرا، ارکان پارلیمان، سرمایہ کار ، کاروباری شخصیات اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔