کراچی ،12اپریل (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے وزارتِ صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم کا ہدف پاکستان کو ایشین ٹائیگر کے طور پر ابھارنا ہےجس کیلئے اسٹریٹجک اقتصادی اصلاحات اور صنعتی ترقی پر توجہ دی جا رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کرنے کے موقع پر کیا، جہاں انہوں نے کے سی سی آئی کی قیادت اور کاروباری برادری کے نمائندوں سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ ایک جامع تبادلہ خیال کیا۔
معاون خصوصی نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ویژن کا اظہار کیا کہ وزیراعظم پاکستان کو ایک خوشحال، صنعتی طور پر بحال شدہ ملک بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ہارون اختر خان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے سخت موسم، مشکل کام کی جگہوں اور چیلنجنگ حالات کے باوجود معیشت کو سہارا دیا۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی ترسیلات زر ملک کی مالی استحکام میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں اور انہیں قومی سطح پر سراہا جانا چاہیے۔
انہوں نےکہا کہ کاروبار کرنے میں آسانی اور لاگت کو بہتر بنانے، امن و امان کی صورتحال کو بہتر کرنے، اقتصادی غیر یقینی صورتحال میں کمی اور برآمدات میں اضافہ کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیا جا سکے۔کراچی چیمبر آف کامرس نے حکومتی کوششوں پر اعتماد کا اظہار کیا اور قومی معیشت و کاروباری برادری سے متعلق معاملات پر مسلسل روابط کی امید ظاہر کی۔