اسلام آباد، 4 اپریل(اے پی پی ): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے رمضان ریلیف پیکج کے لئے کام کرنے والی حکومتی کور ٹیم اور معاون اداروں کی بہترین کاکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان ریلیف پیکج کے حوالے سے پہلی بار ڈیجیٹل والٹ متعارف کروایا گیا جس کے ذریعے نہایت شفاف اور سہل طریقہء کار سے رقوم مستحقین تک پہنچیں۔
پرائم منسٹر رمضان ریلیف پیکج 2025 کے حوالے سے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوۓ انھوں نے کہا کہ رمضان پیکیج پورے پاکستان بشمول گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے لیے بلاتفریق متعارف کروایا گیا، اس پیکیج کو شفاف بنانے کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان، بی آئی ایس پی، پی ٹی اے، نادرا اور دیگر معاون اداروں کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ رمضان ریلیف پیکج کے دوران موصول ہونے والی شکایات کو آئیندہ لائحہ عمل بناتے ہوئے مدنظر رکھا جائے اور اس ماڈل کو دیگر حکومتی اسکیموں میں اپنایا جائے۔
اجلاس کو رمضان ریلیف پیکج 2025 کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ رمضان ریلیف پیکج کی 79 فیصد رقوم انتہائی شفاف طریقے سے مستحقین کو پہنچائی جا چکی ہیں، رمضان پیکیج کے تحت 1.9 ملین ڈیجیٹل ادائیگیاں ہوئیں اور 951,191 ڈیجیٹل والیٹ استعمال ہوئے جو کہ ڈیجیٹل نیشن پاکستان کے ویژن کے تکمیل کی جانب اہم قدم ہے۔