اسلام آباد، 10 اپریل (اے پی پی):وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار، ہارون اختر خان کی زیر صدارت اسٹیل کے بڑے صنعتکاروں کے وفد کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس کے دوران ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان میں اسٹیل کی صنعت میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے وفد کو یقین دہانی کروائی کہ وہ اسٹیل مینوفیکچررز کو درپیش بنیادی مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور ان کے حل کے لیے پُرعزم ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وزیراعظم شہباز شریف پاکستان کی خوشحالی کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔ وزیراعظم کے وژن کے مطابق حکومت بیمار صنعتی یونٹس کی بحالی، دیوالیہ پن کے قانون کی تیاری، اور سرمایہ کاروں کے تحفظ پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔ اسٹیل کی صنعت کی بحالی اس وسیع تر صنعتی حکمتِ عملی کا اہم جزو ہے۔
جہارون اختر خان نے مزید کہا کہ اسٹیل سیکٹر کی ترقی و حمایت سے متعلق تجاویز آئندہ بجٹ میں شامل کی جائیں گی۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت اسٹیل انڈسٹری کے فروغ کے لیے سنجیدہ ہے۔
اسٹیل مینوفیکچررز کے وفد نے پاکستان کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ اگر حکومت تعاون کرے تو وہ ایک مضبوط واپسی کے لیے تیار ہیں۔
ہارون اختر خان نے اس موقع پر کہا کہ اسٹیل سیکٹر کو درپیش چیلنجز کا حل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔