اسلام آباد ،22 اپریل(اے پی پی): وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی زیرِ صدارت آج ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں نیشنل فرٹیلائزر کارپوریشن (NFC) کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور کھاد کی قیمتوں اور پیداوار سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں وزارتِ صنعت و پیداوار کے سیکریٹری سیف انجم بھی شریک ہوئے۔
ہارون اختر خان نے اجلاس کے دوران مختلف کھاد کمپنیوں کی قیمتوں میں فرق کا تفصیل سے جائزہ لیا اور کہا کہ کسانوں کو ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسانوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے کھاد بنانے والی کمپنیوں کو سستی گیس فراہم کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام کھاد ساز اداروں کو مناسب قیمت پر گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور گیس کی سپلائی صرف کھاد کے لیے مخصوص کی جائے گی۔
اجلاس میں ملک بھر میں یوریا کی پیداوار اور قیمتوں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ہارون اختر خان نے یوریا کی پیداوار، قیمت اور ریٹیل ریٹس پر رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت جاری کی۔
مزید برآں، نیشنل فرٹیلائزر کارپوریشن کو نئی ہدایات جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کھاد سے متعلق مسائل اور ان کے حل پر مبنی ایک جامع بریفنگ وزیراعظم کے لیے تیار کی جائے۔