اسلام آباد، 24اپریل(اے پی پی):وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر بیمار صنعتی یونٹس کی بحالی سے متعلق کمیٹی کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس آج منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت وزیراعظم کے معاونِ خصوصی ہارون اختر خان نے کی۔
ہارون اختر خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایکسپورٹ اورینٹڈ مینوفیکچرنگ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیمار صنعتی یونٹس کی بحالی وزیراعظم کے وژن کا ایک اہم حصہ ہے۔ کوئی بھی ملک صنعتی ترقی کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا، اور پاکستان کی مینوفیکچرنگ میں بہت زیادہ پوٹینشل موجود ہے۔ غیر فعال یونٹس کو فعال کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
کمیٹی نے بیمار یونٹس کو درپیش اہم مسائل کا جائزہ لیا جن میں مہنگی فنانسنگ، زیادہ یوٹیلیٹی اخراجات اور بلند ٹیکس شرحیں شامل ہیں۔ ان رکاوٹوں کو یونٹس کی بحالی میں بنیادی چیلنجز قرار دیا گیا۔
ہارون اختر خان نے اس بات پر زور دیا کہ صرف بحالی نہیں بلکہ کارکردگی کا تسلسل بھی لازمی ہے۔ انہوں نے کہا، کہ ہم حل تجویز کریں گے اور میں ذاتی طور پر ان پر عملدرآمد کو یقینی بناؤں گا۔
کمیٹی نے مالیاتی مسائل کے حل کے لیے بینکنگ سب کمیٹی کے قیام کی تجویز دی، جس کے کنوینر منیر کمال ہوں گے۔کمیٹی کو نئی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں جن میں بیمار صنعتی یونٹس کی نشاندہی اور پالیسی سازی شامل ہے۔کمیٹی کا اگلا اجلاس دس دن بعد دوبارہ طلب کیا گیا ہے۔