اسلام آباد، 8 اپریل(اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، جنہیں اگر موزوں مواقع اور سازگار ماحول فراہم کیا جائے تو وہ ملک کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔
آئی سی ای پاکستان کے پانچ سال مکمل ہونے کے حوالے سے منعقدہ ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ طلبہ کی کامیابیوں کو سیلیبریٹ کرنا اور ان کے درمیان وقت گزارنا ہمیشہ میرے لیے باعثِ فخر رہا ہے۔
رانا مشہود نے کہا انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو ایک ایسا مؤثر پلیٹ فارم فراہم کیا جا رہا ہے جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کر سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ یوتھ پروگرام چار بنیادی ستونوں — ایجوکیشن، انگیجمنٹ، ایمپلائمنٹ اور انوائرمنٹ پر مشتمل ہے، جن کے ذریعے نوجوانوں کو ترقی کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ رانا مشہود کے مطابق، پاکستان کی 64 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، اور یہ ایک عظیم سرمایہ ہے جسے صحیح سمت میں استعمال کرنا ناگزیر ہے۔
چیئرمین یوتھ پروگرام نے اعلان کیا کہ پہلی بار “نیشنل یوتھ کونسل” قائم کی جا رہی ہے، جس میں پاکستان بھر سے 100 ذہین طلبہ کو شامل کیا جائے گا، جبکہ بیرون ملک مقیم 13 ہونہار پاکستانیوں کو وزیراعظم کے یوتھ ایڈوائزری بورڈ کا حصہ بنایا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کے لیے زیادہ مؤثر اور متحرک پالیسیوں کی تشکیل ہے۔
انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور پاکستان کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھیں۔