وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت انسداد پولیو پر جائزہ اجلاس

1

اسلام آباد، 17 اپریل (اے پی پی): وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کی کارکردگی پر ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک کو پولیو سے مکمل نجات دلانے کے لیے جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان کو پولیو سے پاک کرنے کے لیے حکومتی اداروں،بین الاقوامی تنظیموں اور شراکت داروں کی کوششیں قابلِ ستائش ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ 21 اپریل سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم میں پانچ برس سے کم عمر ہر بچے کو ویکسین پلانے کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ پولیو کے ساتھ ساتھ دیگر خطرناک بیماریوں کے خلاف معمول کی ویکسینیشن کی قومی سطح پر سو فیصد فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے گراس روٹ لیول تک آگاہی اور کمیونٹی موبلائیزیشن پر بھی زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم میں شریک ورکرز مشکل حالات کے باوجود اس موذی مرض کے خلاف ہراول دستے کا کردار ادا کر رہے ہیں اور پوری قوم کو ان محنتی پولیو ورکرز پر فخر ہے۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ 21 سے 27 اپریل تک جاری رہنے والی مہم میں ساڑھے 45 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلائی جائے گی،جس کے لیے ملک بھر میں 4 لاکھ 15 ہزار پولیو ورکرز حصہ لیں گے۔ وزیرِ اعظم کی ہدایت پر مہم کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن 28 سے 30 اپریل کے درمیان مکمل کی جائے گی۔

مزید بتایا گیا کہ 10 فروری 2025 سے اب تک ملک میں کوئی نیا پولیو کیس رپورٹ نہیں ہوا اور انسداد پولیو مہمات کی کولڈ چین ٹریکنگ کو ڈیجیٹل نظام کے تحت مانیٹر کیا جا رہا ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیرِ قومی صحت سید مصطفی کمال، وزیرِ اعظم کی پولیو کے لیے خصوصی نمائندہ عائشہ رضا فاروق، صوبائی وزیرِ صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل، چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹریز، بین الاقوامی شراکت داروں کے نمائندگان اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔