کوئٹہ۔ 21 اپریل (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت کوئٹہ ڈویلپمنٹ پروجیکٹ سے متعلق ایک اہم اجلاس پیر کو یہاں منعقد ہوا جس میں جاری منصوبوں کی پیش رفت اور مجوزہ منصوبوں پر تفصیل سے غور کیا گیا اجلاس میں کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات اور پروجیکٹ ڈائریکٹر رفیق بلوچ نے وزیر اعلیٰ کو مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی جس میں بتایا گیا کہ کوئٹہ کی روایتی خوبصورتی کی بحالی کے لیے ایک جامع پلان مرتب کیا گیا ہے جس پر عملدرآمد کا آغاز ہوچکا ہے گنجان آباد علاقوں کی شاہراہوں کی توسیع اور خوبصورتی کے لیے نئے منصوبے تجویز کیے گئے ہیں جبکہ ایئرپورٹ روڈ کی توسیع اور بیوٹیفکیشن کا منصوبہ بھی عملی طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کوئٹہ کو ملک کا خوبصورت ترین شہر بنانے کی خواہاں ہے انہوں نے واضح ہدایت دی کہ کوئٹہ ڈویلپمنٹ پروجیکٹ کے تمام منصوبوں میں اعلیٰ تعمیراتی معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے وزیر اعلیٰ نے ایئرپورٹ روڈ کی توسیع سے متاثر ہونے والے 14 کچے گھروں کے مکینوں کو متبادل کے طور پر تمام سہولیات سے مزین خوبصورت پختہ مکانات تعمیر کر کے دینے کا اعلان کیا انہوں نے کہا کہ ترقیاتی اور بیوٹیفکیشن منصوبوں کا مقصد مقامی شہریوں کے ساتھ ساتھ دیگر شہروں سے آنے والے افراد کے لیے بھی ایک خوشگوار اور مثبت تاثر قائم کرنا ہے وزیر اعلیٰ نے تمام منصوبوں کو مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کرنے اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت بھی جاری کی جبکہ ایئرپورٹ روڈ بیوٹیفکیشن پروجیکٹ کے تحت شہر کی خوبصورتی کو متاثر کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا حکم بھی دیا انہوں نے کہا کہ خوبصورت دیواروں پر وال چاکنگ کرنے والے افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے وال چاکنگ ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے۔
اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی، مشیر برائے بلدیات نوابزادہ بابا امیر حمزہ خان زہری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات حافظ عبدالباسط، پرنسپل سیکریٹری وزیر اعلیٰ بابر خان، سیکرٹری مواصلات لعل جان جعفر اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔