وزیر خزانہ کی ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدرسےملاقات

1

واشنگٹن ڈی سی، 25 اپریل(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات، سینیٹر محمد اورنگزیب نے واشنگٹن ڈی سی میں ایشیائی ترقیاتی بینک(اے ڈی بی) کے صدر ماساتو کانڈا سے ملاقات کی۔

وزیر خزانہ نے صدر اے ڈی بی کو رواں سال کے آغاز میں عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور پاکستان کی ترقی میں اے ڈی بی کی دیرینہ شراکت، بشمول کنٹری پارٹنرشپ اسٹریٹجی 2030-2026 اور بجٹ معاونت، کو سراہا۔

دونوں فریقین نے منصوبہ جاتی عملدرآمد پر تبادلہ خیال کیا اور اس کی رفتار تیز کرنے پر اتفاق کیا۔ وزیر خزانہ نے پانڈا بانڈ کے اجرا کے لیے جزوی کریڈٹ گارنٹی کی فراہمی میں اے ڈی بی کی معاونت کی درخواست کی۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ رواں سال بجٹ معاونت بھی میسر آئے گی اور اس بات کا یقین دلایا کہ پاکستان کا وفد نومبر 2025 میں ہونے والے CAREC اجلاس میں شرکت کرے گا۔