لاہور،11اپریل(اے پی پی):وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے واسا ہیڈ آفس کا دورہ کیا اور شہر بھر میں جاری نکاسی آب آپریشن کا جائزہ لیا، ایم ڈی واسا غفران احمد نے نکاسی آب اور رین ڈیش بورڈ کے متعلق صوبائی وزیر کو تفصیلی بریفنگ دی ۔ وزیر ہاؤسنگ پنجاب نے کہا کہ شہر بھر کے انڈر پاسز پر نصب لائیو کیمروں کے ذریعےمانیٹرنگ کی جائے، بلال یاسین نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے یہاں آیا ہوں، بروقت نکاسی آب کے تمام انتظامات مکمل رکھے جائیں، بلال یاسین نے کہا کہ بارش کے بعد شہر کے موسم میں خوشگواری کا احساس ہے، شہری موسم کو انجوائے کریں، وزیر ہاؤسنگ پنجاب نے کہا کہ اب تک جیل روڈ 4.2 ملی میٹر ،ائیر پورٹ 6، واسا ہیڈ آفس 2.5، لکشمی چوک 4.5، اپر مال 4، مغلپورہ 1، تاجپورہ 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ جبکہ نشتر ٹاؤن 2، چوک ناخدا 2، پانی والا تالاب 2.5، فرخ آباد 2، گلشن راوی 5، اقبال ٹاؤن 1، سمن آباد 4، جوہر ٹاؤن 3.5 اور قرطبہ چوک 2.5 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔ وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔