اسلام آباد،08 اپریل (اے پی پی): وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے کہا ہے کہ سال 2024 میں وفاقی محتسب کے ادارے کو 2,26,372 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے ریکارڈ 2,23,198 شکایات کو نمٹایا گیا۔ شکایات کے اندراج اور حل میں بالترتیب 17% اور 16% اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو سال 2023 کے مقابلے میں نمایاں ہے۔
آج وفاقی محتسب سیکرٹریٹ میں سینئر صحافیوں کے ایک غیر رسمی ملاقات کے دوران وفاقی محتسب نے کہا کہ سال 2024 کے دوران ان کے دفتر نے اپنے فیصلوں/نتائج پر 93.21% عملدرآمد کی شاندار شرح حاصل کی، جو کہ 2023 میں 85.70% تھی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سال 2024 میں ملک بھر میں 126 کھلی کچہریاں منعقد کی گئیں تاکہ لوگوں کو ان کی دہلیز پر انتظامی انصاف فراہم کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ 171 آؤٹ ریچ کمپلینٹ ریزولوشن دورے کیے گئے جن کے ذریعے 4,840 کیسز حل کیے گئے۔ اسی طرح مختلف وفاقی سرکاری اداروں اور محکموں کی خدمات کی بہتری کے لیے 79 انسپکشن وزٹس کیے گئے۔
انہوں نے کہا، “نئے ریجنل دفاتر اور شکایت کلیکشن سینٹرز کے قیام سے رسائی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور اب یہ ادارہ ملک کے 25 شہروں میں موجود ہے، جن میں مظفرآباد (آزاد جموں و کشمیر)، گلگت بلتستان اور ساہیوال شامل ہیں۔ جلد ہی ڈیرہ غازی خان میں بھی نیا ریجنل آفس کھولا جائے گا۔” ایک اور اہم پیش رفت شکایات کے اندراج اور زوم لنک و واٹس ایپ کے ذریعے سماعت کے لیے آئی ٹی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی دستیابی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ادارہ اب ایک حقیقی معنوں میں “غریب آدمی کی عدالت” بن چکا ہے جو مفت اور فوری انتظامی ریلیف لوگوں کو ان کے دروازے پر فراہم کر رہا ہے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سہولت کے لیے کیے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2024 کے دوران مجموعی طور پر 1,51,897 شکایات موصول ہوئیں۔ ملک کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر قائم ون ونڈو سہولت ڈیسک نے 1,11,184 شکایات نمٹائیں، جبکہ پاکستان کے بیرون ملک مشنز کو 38,592 اور وفاقی محتسب سیکرٹریٹ میں قائم اوورسیز پاکستانیوں کے لیے گریوینس کمشنر کے دفتر کو 2,121 شکایات موصول ہوئیں۔
وفاقی محتسب نے بچوں کے مسائل کے حل کے لیے کیے گئے اقدامات کا بھی ذکر کیا، جن میں ایک مکمل وقت کے لیے گریوینس کمشنر برائے اطفال کی تقرری شامل ہے، جن کا دفتر وفاقی محتسب سیکرٹریٹ میں واقع ہے۔ اس ادارے کے بارے میں عوامی شعور اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک منظم عوامی آگاہی مہم جاری ہے جس کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آ رہے ہیں اور عوام اس ادارے کے وجود سے تیزی سے واقف ہو رہے ہیں۔ اب تک یہ ادارہ مختلف وفاقی اداروں کو درپیش نظامی مسائل کو حل کرنے کے لیے 80 مطالعاتی رپورٹس مرتب کر چکا ہے۔
عالمی سطح پر ادارے کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے وفاقی محتسب نے کہا کہ بطور ایشین محتسب ایسوسی ایشن کے صدر، پاکستان ایشیائی خطے اور اس سے آگے محتسبی نظام کے فروغ کے لیے سرگرم کردار ادا کر رہا ہے۔