وفاقی وزیر احسن اقبال کی زیر صدارت سول سروسز ریفارم پر اہم اجلاس کا انعقاد

5

اسلام آباد،3 اپریل(اے پی پی): وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت سول سروسز ریفارم پر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سرکاری وزارتوں میں ماہر پیشہ ور افراد کی کمی پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

اجلاس کے دوران احسن اقبال نے اس بات پر زور دیا کہ تمام ٹیکنیکل وزارتوں میں انسانی وسائل کی کمی کو پورا کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزارتوں میں جدید مہارتوں سے آراستہ ٹیکنیکل انسانی وسائل کی اشد ضرورت ہے تاکہ فیصلہ سازی کے عمل کو مزید بہتر اور مؤثر بنایا جا سکے۔

احسن اقبال نے تجویز دی کہ مہارتوں کی بنیاد پر نئے کیڈرز تشکیل دیے جائیں تاکہ مختلف وزارتوں میں ماہرین کی شمولیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فیصلہ سازی کو بہتر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانا ہوگا، تاکہ فیصلے مستند اور ٹھوس حقائق کی بنیاد پر کیے جا سکیں۔

یہ اجلاس سول سروسز میں اصلاحات کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے، جس کا مقصد گورننس کو مزید مؤثر اور جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔