اسلام آباد، 22 اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام سے او آئی سی کے اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل اور جموں و کشمیر پر خصوصی نمائندے ایمبیسڈر یوسف محمد الدوبے نے ملاقات کی ۔
وفاقی وزیر نے اس موقع پرکہا کہ پاکستان او آئی سی کی مسلسل اور غیر متزلزل حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، جو کہ کشمیر کاز کے لیے او آئی سی کے ایجنڈے کا بنیادی جزو ہے۔
او آئی سی نے بھارت کی جانب سے کشمیری عوام کے انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں کی کھل کر مذمت کی ہے اور اقوام متحدہ کے منشور اور متعلقہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت کی ہے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق آزاد اور غیرجانبدارانہ رائے شماری کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
یوسف الدوبے نے کہا کہ ان کا پاکستان کا دورہ جموں و کشمیر کے تنازعے کی بدلتی ہوئی صورتحال، خصوصاً 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات کے بعد، کو سمجھنے اور جاننے کے لیے ہے۔
اس سلسلے میں، آزاد جموں و کشمیر کا دورہ اور وہاں کے عوام اور حکام سے ملاقاتیں انتہائی مفید ثابت ہوئی ہیں۔ دورے کا دوسرا مقصد کشمیری عوام کو یقین دہانی کروانا اور او آئی سی کے کشمیریوں کے جائز موقف کے ساتھ عزم نو کا اظہار کرنا ہے۔
انھوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کا تنازعہ اقوامِ متحدہ اور او آئی سی دونوں کے ایجنڈے پر موجود قدیم ترین تنازعات میں سے ایک ہے۔ جموں و کشمیر کی صورتحال پر ایک تفصیلی رپورٹ آئندہ او آئی سی وزرائے خارجہ کے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔ او آئی سی کے تمام رکن ممالک جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کرتے ہیں۔
اے پی پی/سدرہ/فرح