اسلام آباد –22 اپریل ( اے پی پی ):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان اور سیفران، انجینئر امیر مقام سے اسسٹنٹ ہائی کمشنر برائے آپریشنز، یو این ایچ سی آر، رؤف مازو اور پاکستان میں یو این ایچ سی آر کی نمائندہ فلپا کینڈلر نے وزارت میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، خاص طور پر افغان مہاجرین کی واپسی کے جاری عمل پر بات چیت ہوئی۔
وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت نے افغان مہاجرین کی باعزت اور باوقار انداز میں واپسی کا عمل شروع کیا ہے۔
انہوں نے افغان شہریوں کی ان کے وطن واپسی کے دوران پاکستان کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا اور بین الاقوامی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
اسسٹنٹ ہائی کمشنر برائے آپریشنز یو این ایچ سی آر، نے پاکستان کی طویل المدتی میزبانی کو سراہا اور گزشتہ 45 سالوں سے لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کرنے پر پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا۔