اسلام آباد، 10 اپریل 2025: وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین کی زیر صدارت اربن ایگریکلچر اجلاس منعقد ہوا ۔ جس میں کچن گارڈننگ اور اربن ایگریکلچر کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ کچن گارڈننگ نہ صرف ایک صحت مندانہ سرگرمی ہے بلکہ یہ ماحول کی بہتری اور شہری خود کفالت کا مؤثر ذریعہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کچن گارڈننگ کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے، کیونکہ یہ کلچر ہمارے معاشرے سے ختم ہوتا جا رہا ہے۔ حکومت اس کلچر کی بحالی کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ کینیا، برازیل اور کیوبا جیسے ممالک کے کامیاب ماڈلز کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ ان سے سیکھ کر مقامی سطح پر قابل عمل حکمت عملی اپنائی جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ حکومت جلد ماحول اور زراعت کی بہتری کے لیے عملی اقدامات اٹھانے جا رہی ہے۔
اس سلسلے میں نیشنل ایگریکلچر ریسرچ کونسل (NARC) اور کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (CDA) کے تعاون سے ایک ماڈل منصوبہ تشکیل دیا جا رہا ہے، جس سے عام شہری مستفید ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ماڈل نہ صرف شہریوں کو سستی اور تازہ سبزیاں فراہم کرے گا بلکہ شہریوں میں آگاہی پیدا کرے گا اور ماحول کو بھی خوبصورت بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔