وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس

2

اسلام آباد،04 اپریل(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مری کے علاقے میں واقع ریاستی ملکیتی جائیداد “کونسٹنٹیا اسٹیٹ” پر جاری قانونی تنازعات پر غور کیا گیا۔

 اجلاس میں وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس، ایڈیشنل کمشنر راولپنڈی اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

یہ اجلاس وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر بلایا گیا تاکہ ریاستی جائیداد پر جاری مقدمات کو جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔

اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس اور ایڈیشنل کمشنر راولپنڈی نے کونسٹنٹیا لاج کی تفصیلات اور قبضے کی صورتحال پر بریفنگ دی۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ اس وقت مختلف عدالتوں میں اس جائیداد سے متعلق چھ مقدمات زیر سماعت ہیں جبکہ حال ہی میں لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے معاملہ کمشنر راولپنڈی کو بھجوا دیا ہے تاکہ وہ جلد فیصلہ کریں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کمشنر راولپنڈی تمام فریقین کو سننے اور ریونیو ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد میرٹ پر فیصلہ دیں گے۔

اس فیصلے کے بعد اُن افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جنہوں نے جھوٹے دعوؤں اور جعلی دستاویزات کے ذریعے عدالتوں اور سرکاری دفاتر کو گمراہ کیا ہے۔ ان کے خلاف فوجداری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔