اسلام آباد، 08 اپریل ( اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی سردارایس احمد خان لغاری سے ترک وزیر توانائی و قدرتی وسائل آلمپارسلان بیئریکٹر نے ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔
ترکی کے وزیر توانائی نے ترکیہ میں بجلی کے تقسیم کار نظام کے پرائیویٹائزیشن کے عمل اور اس کے موجودہ خدوخال سے متعلق آگاہ کیا ۔ انہوں نے ترک کمپنیوں کی طرف سے پاکستان میں جاری بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے پرائیوٹائزز کے عمل میں دلچسپی سے متعلق بھی آگاہ کیا اور ترکیہ میں رواں سال میں روڈ شو کرنے سے متعلق بھی بات کی ۔
سردار اویس لغاری نے ترک وزیر توانائی کو ترکیہ کے پرائیویٹائزیشن کے عمل اور اس کے تکنیکی نکات بارے تفصیلی بریفنگ پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے وفد کو پاکستان میں جاری نجکاری کے عمل بارے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ نجکاری کے عمل کو شفاف طریقے سے مکمل کرنے کیلئے فنانشل ایڈو ائیزر کی تقرری کردی گئی ہے جن کی طرف سے اس سال جولائی تک جامع تجاویز آنے کے امکانات ہیں اس ضمن مین کئی روڈ شو بھی پلان کئے جائیں گے جس میں ترکیہ بھی شامل ہے ۔
وفاقی وزیر اویس لغاری نے ترکیہ کے ساتھ توانائی کے شعبے میں نئے منصوبوں میں تعاون کی اہمیت پر زور دیا جبکہ ترک وزیر نے پاکستان کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے تکنیکی مہارت اور سرمایہ کاری فراہم کرنے کی پیشکش کی۔ملاقات کا اختتام دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں مضبوط اور پائیدار شراکت داری قائم کرنے پر ہوا۔