اسلام آباد،22 اپریل (اے پی پی ): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جناح سکوائر مری روڈ انڈر پاس پراجیکٹ کا دورہ کیا ،انہوں نے منصوبے پر جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا ۔
اسلام آباد ائیر پورٹ سے مری تک سگنل فری کوریڈور کی سہولت ملے گی،پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار صرف 35 روز میں انڈر پاس بنے گا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے جناح سکوائر مری روڈ انڈر پاس کی کھدائی کا کام تیز کرنے اور ریکارڈ مدت میں مکمل کرنے کا ٹاسک دیا۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے وزیر داخلہ کو منصوبے پر ہونے والی پیش رفت پر بریفنگ دی۔بریفنگ میں آگاہ کیا گیا کہ پراجیکٹ کے سٹرکچر اور روڈ نیٹ ورک پر کام تیزی سے جاری ہے،انشاءاللہ منصوبے کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے گا۔پراجیکٹ کے ڈیزائن کے متعلق بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے میں 479 میٹر طویل انڈر پاس شامل ہے، اسے 3 ٹریفک لین کو ایڈجسٹ کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، ملحقہ پل کو چوڑا کرنا بھی اس منصوبے کا حصہ ہے، دونوں اطراف میں 2 لین کا اضافہ کیا جائے گا،منصوبے سے ملحقہ چار سلپ روڈز کو بھی کشادہ کیا جائے گا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کی انڈر پاس پراجیکٹ کو ریکارڈ 35 روز میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سپیڈ کے ساتھ ساتھ معیار کو ہرصورت برقرار رکھا جائے،شہریوں کی آمدورفت کیلئے متبادل راستہ پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کی بھی ہدایت جاری کی۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ سے مری تک سگنل فری کوریڈور سے شہریوں کو آمدورفت میں بہت آسانی ہو گی۔ اسلام آباد میں ٹریفک جام رہنے کا برسوں پرانا مسئلہ حل ہوگا اور سیاحوں کو مری پہنچنے میں آسانی ہو گی، پراجیکٹ کشمیر چوک کے قریب ٹریفک رش کو کم کرنے میں بھی معاون ثابت ہو گا۔