اسلام آباد،07 اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیرِ صدارت ریلوے انفراسٹرکچر پر تفصیلی بریفنگ اور ڈویژنز کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔وفاقی وزیر نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے ایم ایل ون پر انجینئرنگ ریسٹرکشنز کے خاتمے کیلئے ایک سال کا ٹاسک دیا اور ایم ایل ون پر سفری دورانیہ کم کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ٹریک بحالی کے پراجیکٹس پر کام تیز کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے پنجاب میں تین سال کے منصوبے ایک سال میں مکمل کر کے دکھائے، ریلوے انتظامیہ ان کے ماڈل کی پیروی کرے اور مسافر ٹرینوں کی آن لائن بکنگ کے طریقہ کار کو مزید بہتر بنایا جائے۔
اجلاس میں فریٹ ٹرینوں کی بکنگ آن لائن کر کے انسانی مداخلت ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور وزیر ریلوے نے تین ماہ میں ٹرینوں کی باقاعدگی 90 سے 95 فیصد تک لانے کا ٹاسک دیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ٹرینوں کی باقاعدگی خود مانیٹر کروں گا، وزیر سمیت کسی شخص کیلئے ٹرین لیٹ نہیں ہو گی۔
دوران اجلاس تمام بڑے ریلوے اسٹیشنوں پر ایلی ویٹر لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔ جس کی ابتدا ء راولپنڈی اسٹیشن سے کی جائے گی۔