اسلام آباد، 18اپریل(اے پی پی) وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے لاہور میں پاکستان بیت المال کے زیرِ انتظام سینئر سٹیزن ہوم کا دورہ کیا، جہاں ڈائریکٹر محمد زہیر نے انہیں رہائش، کھانے، کپڑوں، طبی سہولیات، قانونی معاونت اور کونسلنگ سمیت دستیاب سہولیات سے متعلق بریفنگ دی۔ اس مرکز میں اس وقت 35 بزرگ افراد رہائش پذیر ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ایسے مراکز معاشرتی ذمہ داری کی عملی تصویر ہیں اور حکومت ان کا دائرہ دیگر علاقوں تک بڑھانے کی خواہاں ہے۔
اس کے علاوہ انہوں نے پاکستان بیت المال لاہور کے ڈائریکٹر کو ہدایت کی کہ میڈیکل کیسز کو اولین ترجیح دی جائے کیونکہ عوام کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنا وزیرِ اعظم شہباز شریف اور وزارتِ تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایسے کیسز کو بروقت اور مؤثر انداز میں نمٹایا جائے تاکہ کمزور طبقے تک فوری ریلیف پہنچ سکے۔