ملتان، 11 اپریل(اے پی پی):ڈی جی پی ایچ اے ملتان کریم بخش نے کہا ہے کہ پارک بتدریج بہتری کی جانب گامزن ہیں،ڈوگر پارک اور گیلانی پارک میں سہولیات کی فراہمی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔جھولوں کی مرمت اور واش رومز کو فعال کر دیا گیا ہے پارکوں میں معلوماتی سائن بورڈ کی تنصیب بھی کی جا رہی ہے گرمیوں میں پانی کی مناسب فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے مختلف پارکوں کے دورہ کے موقع پر کیا ، ڈائریکٹر ہارٹیکلچر سعد قریشی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ مالی اور سیکورٹی گارڈز متعدد ذمہ داریاں سر انجام دیں شہریوں کو پارکوں میں تمام تفریحی سہولیات فراہم کی جائیں صحت افزا سرگرمیوں کے فروغ کے لیے پارکوں کو جدید خطوط پر استوار کر رہے ہیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ موسم بہار میں گرین بیلٹس پر لگائی گئی پنیریوں سے پھول کھلنا شروع ہو گئے ہیں شہر کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں شجرکاری کے فروغ کے لیے بھی مربوط حکمت عملی ترتیب دی ہے۔