پاکستان، افغانستان کا تجارتی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار

2

اسلام آباد ،17 اپریل(اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور افغان وزیر صنعت و تجارت، الحاج نورالدین عزیزے کے مابین جمعرات ایک اہم ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے، ٹرانزٹ سے متعلق مسائل کے حل اور سرحدی تعاون میں اضافے پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

جام کمال خان نے افغان وفد کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور دونوں ممالک کے درمیان گہرے تاریخی، ثقافتی اور مذہبی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے ان تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان معاشی و تجارتی روابط کا ایک صدی سے زائد عرصے پر محیط پس منظر ہے، جسے مزید وسعت دی جانی چاہیے۔

دونوں وزراء نے باہمی تجارت کو متاثر کرنے والے کلیدی امور پر جامع گفتگو کی۔ انہوں نے ٹرانزٹ ٹریڈ کے چیلنجز جیسے کہ طریقہ کار میں پیچیدگیاں، ریگولیٹری تقاضے اور کارگو ہینڈلنگ سے متعلق مسائل پر تبادلہ خیال کیا، اور دستاویزی عمل، اسکیننگ، اور کارگو مانیٹرنگ کے نظام کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

فریقین نے کسٹمز کے درمیان ہم آہنگی، سرحد پار آمد و رفت میں سہولت، اور رکاوٹوں میں کمی کے لیے ایک منظم سرحدی انتظامی فریم ورک متعارف کرانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے زرعی مصنوعات، کوئلے اور قالینوں کی برآمدات میں تعاون سمیت افغان کاٹن سے متعلق مسائل کے جلد حل کی ضرورت پر بھی بات کی۔

افغان وزیر نے اس امید کا اظہار کیا کہ مسلسل بات چیت اور قریبی تعاون کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کی مکمل صلاحیت کو استعمال کیا جا سکتا ہے۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں وزراء نے معاشی روابط کے فروغ اور تجارتی انضمام کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا، اور امید ظاہر کی کہ آئندہ تکنیکی سطح کے اجلاسوں میں عملی پیش رفت ہوگی، جو موجودہ رکاوٹوں کو دور کر کے پاکستان اور افغانستان کے تجارتی تعلقات کی مکمل استعداد کو بروئے کار لانے میں مددگار ثابت ہوگی۔