نیویارک، 10 اپریل، (اے پی پی ): کینیڈا کی یونیورسٹی “یونیورسٹی دے شیربروک” کے فیکلٹی آف لا سے تعلق رکھنے والے 18 رکنی طلبہ کے وفد نے اقوام متحدہ میں پاکستان مشن کا دورہ کیا، جہاں انہیں پاکستان کی خارجہ پالیسی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
پاکستان کے اقوام متحدہ میں نائب مستقل نمائندے، سفیر عثمان جدون نے طلبہ کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کی حیثیت سے پاکستان کی ترجیحات، اقوام متحدہ کے نظام سے وابستگی، امن مشن میں شراکت، اسلاموفوبیا کے خلاف کوششوں اور کثیرالطرفہ نظام کے مستقبل کے بارے میں پاکستان کے نقطہ نظر پر گفتگو کی۔
بریفنگ کے بعد سوال و جواب کا ایک پُرجوش سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں طلبہ نے امن و سلامتی، خواتین کے حقوق، اعتماد سازی کے اقدامات، آبی وسائل کے انتظام، غزہ اور جموں و کشمیر کی صورتحال، اور سلامتی کونسل میں اصلاحات جیسے موضوعات پر سوالات اٹھائے۔
یہ طلبہ آنے والے ماڈل یونائیٹڈ نیشنز (Model UN) اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔