پاکستان آئی ٹی میں سنجیدگی سے آگے بڑھ رہا ہے: عائشہ ادریس

33

اسلام آباد، 29 اپریل (اے پی پی): ڈی ایف ڈی آئی 2025 میں شریک رکن عائشہ ادریس نے کہا ہے کہ اس اہم ایونٹ میں شرکت ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے اور وہ اپنی قوم کی بہتری کے لیے کسی بھی کردار کو سنجیدگی سے لیتی ہیں۔

انہوں نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس کانفرنس کا مقصد آئی ٹی سیکٹر میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے اور انہیں امید ہے کہ پاکستان میں اس شعبے میں بڑی سرمایہ کاری دیکھنے کو ملے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان آئی ٹی، مصنوعی ذہانت (AI)، ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل میدانوں کو وہ اہمیت دے رہا ہے جو اسے بہت پہلے دینی چاہیے تھی لیکن صحیح قدم اٹھانے میں کبھی دیر نہیں ہوتی ۔

عائشہ ادریس نے مزید کہا کہ وہ ہر شخص کو نہایت سنجیدہ اور پرعزم دیکھ رہی ہیں اور ایونٹ میں غیر ملکی سفیروں، سرمایہ کاروں اور مندوبین کی بڑی تعداد اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ محض ایک تقریب نہیں بلکہ ایک تاریخی اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی ڈیجیٹل تاریخ میں ایک بڑا سنگِ میل ثابت ہو سکتا ہے۔

انہوں نے اس موقع پر نیٹ ورکنگ اور کنیکٹیویٹی کی بہتری کو سراہا اور کہا کہ ایونٹ کے اندر موجود تمام افراد متاثر، متحرک اور خوش نظر آئے۔