پاکستان اور ترکیہ کے مابین 25 معاہدوں پر عملدرآمد شروع ہو چکا ہے ، وزیراعظم پاکستان اور ترک صدر کی مشترکہ پریس کانفرنس

0

‎انقرہ ،23 اپریل  (اے پی پی):پاکستان اور ترکیہ نے   ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے  اورمختلف  شعبوں میں باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے  کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان زراعت، توانائی سمیت مختلف شعبوں میں اسلام آباد میں طے پانے والے 25 معاہدوں پر عملدرآمد شروع ہو چکا ہے۔

‎ان خیالات کا اظہار منگل کو وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ ‎وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ  2010ء کے سیلاب کے موقع پر صدر  رجب طیب اردوان  نے بحالی کے کاموں، موبائل ہسپتال سمیت دیگر اقدامات کے ذریعے بھرپور مدد کی۔

 انہوں نے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور 2022ء میں سیلاب کے دوران بھی ترکیہ نے سندھ اور بلوچستان کے سیلاب متاثرین کی بھرپور مدد کی، اس ہمدردی اور مدد پر ترکیہ کی حکومت اور عوام کے شکر گزار ہیں۔

 وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ان کے دورے سے ساتویں اعلیٰ سطی سٹرٹیجک تعاون کونسل میں کئے گئے فیصلوں بالخصوص توانائی، آئی ٹی، انفراسٹرکچر ، معدنیات اور زراعت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون میں تیزی سے عملدرآمد میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مشترکہ کوششوں سے باہمی طور پر طے شدہ دو طرفہ تجارتی حجم 5 ارب ڈالر تک لے جانے میں مدد ملے گی، دفاعی تعاون پاک ترکیہ تعلقات میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں، ہماری انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں ترکیہ کے تعاون پر شکر گزار ہیں۔

‎وزیراعظم نے کہا کہ  ہم نے مشترکہ طور پر مشرق وسطیٰ کی ابھرتی صورتحال سمیت علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا ہے، مسلم امہ کے درمیان اتحاد وقت کی ضرورت ہے۔ میرے دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان سٹرٹیجک شراکت داری اور مضبوط تعلقات کو مزید مستحکم کرنا ہے۔

‎ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ  فروری میں اعلیٰ تزویراتی تعاون کونسل کے اجلاس میں شرکت کیلئے اسلام آباد کا دورہ کیا، باہمی رابطے مذہبی مضبوط دوستانہ تعلقات کی علامت ہیں۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور عالمی امور پر بات چیت ہوئی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کا کردار قابل ستائش ہے۔۔انہوں نے کہا کہ دورہ پاکستان میں 25 معاہدوں پر دستخط ہوئے۔دونوں ممالک نے تجارت زراعت توانائی ثقافت بینکنگ صحت کے شعبوں میں معاہدوں پر جو سخت کی دستخط کیے،اسلام آباد میں طے پانے والے سمجھوتوں پر ترکیہ میں عملدرآمد شروع ہو گیا ہے۔