پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارتی روابط مضبوط کرنے میں مقامی کمیونٹی اہم کردار ادا کر سکتی ہے ،احسن اقبال کا جدہ میں پاکستانی بزنس کمیونٹی سے خطاب

5

جدہ،2اپریل(اے پی پی): وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے جدہ میں پاکستانی بزنس کمیونٹی کے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “اڑان پاکستان” ملک کی ترقی کو پائیدار اور دیرپا بنیاد فراہم کرنے کا ایک جامع پروگرام ہے۔

احسن اقبال نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ملکی ترقی کے بہترین سفیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارتی روابط کو مضبوط کرنے میں مقامی کمیونٹی اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ “اڑان پاکستان” کے پانچ نکاتی ایجنڈے میں برآمدات کے فروغ کو مرکزی حیثیت حاصل ہے، اور ملک کی معیشت کو جدید ٹیکنالوجی سے جوڑنے کے لیے اس منصوبے پر بھرپور عملدرآمد کیا جائے گا۔

احسن اقبال نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں معیشت کو بحران سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا گیا ہے اور ہر پاکستانی کا فرض ہے کہ وہ اپنی صلاحیتیں اس معاشی اڑان کی کامیابی کے لیے وقف کر دے۔

احسن اقبال نے اس بات پر زور دیا کہ دنیا تیزی سے بدل رہی ہے اور پاکستان کو بھی جدید ٹیکنالوجی اور تحقیق میں آگے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ “اڑان پاکستان” ملک کی معیشت کو جدید ٹیکنالوجی سے جوڑنے میں مدد دے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو اللہ نے کھربوں ڈالر کے قدرتی وسائل سے نوازا ہے اور حکومت نے بلوچستان میں معدنی ترقی کے بڑے منصوبے شروع کیے ہیں، جس سے صوبے کی ترقی کے مخالفین کو تکلیف ہو رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان ترقی کرے گا اور پاکستان کا خوشحال ترین صوبہ بنے گا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت نے دو لاکھ نوجوانوں کی سالانہ آئی ٹی تربیت کا منصوبہ شروع کیا ہے، جبکہ ایک ہزار زرعی ماہرین کو جدید زراعت کی تربیت کے لیے چین بھیجا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم 2035 تک پاکستان کو ایک کھرب ڈالر کی معیشت بنانے کا عزم رکھتے ہیں، اور پاکستان کی ترقی و استحکام کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔