اسلام آباد، 18 اپریل (اے پی پی): پاکستان اور مصر نے صحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کرتے ہوئے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے لیے مشترکہ اقدامات کی تجویز پر غور کیا ہے۔ اس سلسلے میں وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال اور پاکستان میں مصر کے سفیر کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں تکنیکی تعاون، طبی سیاحت کے فروغ، اور دواسازی کی صنعت سے متعلق امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعاون کو مزید مؤثر بنانے اور باہمی دلچسپی کے امور کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیر صحت نے مصر کی ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے میں نمایاں کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان مصر کے تجربات سے بھرپور استفادہ حاصل کرے گا۔مصطفیٰ کمال نے وزیرِاعظم کے پروگرام برائے خاتمہ ہیپاٹائٹس سی کے تحت پاکستان کی کامیاب پیش رفت سے بھی سفیر کو آگاہ کیا۔
اس موقع پر مصری سفیر نے پاکستان کی جانب سے مصر کے ماڈل کو اپنانے پر تحسین کا اظہار کرتے ہوئے تکنیکی معاونت، تربیت، اور آگاہی مہمات میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ملاقات میں ایک باضابطہ تکنیکی چینل قائم کرنے کی تجویز دی گئی تاکہ ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے میں مؤثر تعاون یقینی بنایا جا سکے۔ وزیر صحت نے مصر سے ماہرین کے ایک وفد کی پاکستان آمد کی تجویز کو سراہا جو تکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔
مزید برآں، وزیر صحت نے میڈیکل ٹورازم کے فروغ کے لیے پاکستان اور مصر کے درمیان طبی سیاحت پر تعاون کی بھی تجویز دی۔ ملاقات میں مصری سفیر نے فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن اور مصری حکام کے درمیان ملاقات کا اہتمام کرنے کی تجویز پیش کی، جس کا مقصد پاکستانی ادویات ساز اداروں کو مصر کے دورے کی ترغیب دینا اور مصر میں دواسازی کی تیاری کے عمل کو بہتر بنانے میں رہنمائی فراہم کرنا ہے۔
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ صحت اور دواسازی کے شعبے میں پاکستان اور مصر کے درمیان ہیلتھ ڈپلومیسی کے تحت تعاون سے نئی راہیں کھلیں گی۔