اسلام آباد،30اپریل (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائےصنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے ریونیو موبلائزیشن، سرمایہ کاری اور تجارتی پروگرام کے وفد نے ملاقات کی جس میں پاکستان کی آئندہ صنعتی پالیسی کے خدوخال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ہارون اختر خان نے کہاکہ ہم ایک ایسی جامع صنعتی پالیسی متعارف کرا رہے ہیں جو صنعت کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے وقت کی اہم ضرورت ہے، یہ پالیسی صنعتکاروں کو تقویت دے گی اور معیشت کو پائیدار بنیادوں پر ترقی دینے میں مددگار ثابت ہو گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ نئی صنعتی پالیسی خاص طور پر برآمدات کے فروغ اور عالمی سطح پر پاکستان کی صنعتی مسابقت کو بہتر بنانے پر مرکوز ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ صنعتکاروں کے لئے سازگار ماحول پیدا کیا جائے تاکہ وہ جدید ٹیکنالوجی اور مہارتوں سے فائدہ اٹھا کر عالمی منڈیوں میں مؤثر انداز میں داخل ہو سکیں ۔انہوں نے مزید بتایا کہ وزارتِ صنعت و پیداوار، REMIT کے ساتھ قریبی مشاورت اور اشتراک سے ایک ایسی حکمت عملی ترتیب دے رہی ہے جو پاکستان کو صنعتی ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی،یہ صنعتی پالیسی نہ صرف ملکی معیشت کو تقویت دے گی بلکہ روزگار کے مواقع میں اضافہ اور صنعتی پیداواری صلاحیت کو بھی بہتر بنائے گی۔