اسلام آباد، 10 اپریل (اے پی پی): پاکستان سپرلیگ کے سی ای او نے چھ ٹیموں کے کپتانوں کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی، سلمان نصیر کہتے ہیں پی سی بی نے فین انگیجمنٹ کو بڑھایا ،بابر اعظم نے کہا کہ وہ یہاں آ کر ڈھنڈورا نہیں پیٹنا چاہتے کہ سوشل میڈیا پر یہ ہونا چاہیے، ایسا ہونا چاہیے، شاہین شاہ آفریدی نے کہا حال اہم ہے ایک مہینہ انجوائے کروں گا۔
پی ایس ایل ٹین کے کپتانوں نے مشترکہ پریس کانفرس اسلام آباد کے دوران سلمان نصیر سی ای او پی ایس ایل نے کہاپی ایس ایل کادسواں سال ہےہمارے لیے بڑے فخر کا لمحہ ہے،پی سی بی نے فین اینگجمنٹ کو بڑھایا، پی ایس ایل میں شائقین کی دلچسپی کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے ہیں جن میں پہلی مرتبہ ہر میچ میں مکمل اردو کمنٹری ، میچوں کے دوران ریفل ٹکٹ کے ذریعے انعامات اور نئی جدت کے ساتھ پلیئر ٹریکنگ ٹیکنالوجی کا متعارف کرایا جانا شامل ہے۔
دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ اپنے شائقین کے سامنے اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے پرجوش ہے۔ آپ کو اس سیزن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا ایک مختلف روپ دیکھنے کو ملے گا۔
دفاعی چیمپئن ہونے کے ناتے ہم اس سیزن میں بھی مستقل مزاج کارکردگی کو جاری رکھنے کی کوشش کریں گے۔
ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل ایک بہت بڑا برانڈ بن چکی ہے کہ ملک کے ہر خاندان میں مختلف ٹیموں کے سپورٹرز ہیں جبکہ تمام شائقین اس لیگ کا پورا سال انتظار کرتے ہیں۔ جو بھی ٹورنامنٹ جیتے گا وہ اس ملک کے لیے کامیاب ہوگا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سعود شکیل کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند سیزن کوئٹہ کے لیے اچھے نہیں رہے اور دیگر تمام ٹیموں کی طرح ہم نے بھی معیاری اسکواڈ کو جمع کرنے کی پوری کوشش کی ہے ۔ ہم اس بار اچھا کھیلنے اور شائقین کی تفریح کے لیے پر امید ہیں۔
لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کا ایک اہم مقصد معیاری کھلاڑیوں کی تیاری اور انہیں سامنے لانا رہا ہے اور ہم لیگ کے 10ویں ایڈیشن میں بھی اس مقصد پر قائم رہیں گے۔ امید ہے کہ ہماری ٹیم اس سیزن میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔
پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ اس سیزن میں ہم اس بات پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں کہ ہم نے پچھلے دو ایڈیشنز میں کیا کھویا اور انہی غلطیوں کو نہ دہرایا جائے۔ ہم نے بولنگ اور بیٹنگ دونوں شعبوں میں اپنا مرکز مضبوط کیا ہے تاکہ ہم کھیل کے کسی بھی مرحلے پر جدوجہد نہ کریں۔
کراچی کنگز کے نائب کپتان حسن علی کا کہنا ہے کہ کراچی کنگز نے اپنی بیٹنگ میں فائر پاور لانے کے لیے اپنا کامبی نیشن تبدیل کیا ہے اور ہم ابتدا ہی سے جارحانہ انداز میں کھیلنے کا ارادہ رکھتے ہیں کیونکہ پاور پلے آپ کے جیتنے کے امکانات کو بڑھانے کی کلید ہے۔