پاکستان میں بنکرپسی قانون متعارف کرانے کے حوالے سے وزیرِ اعظم کی کمیٹی کا اجلاس

0

اسلام آباد،25 اپریل(اے پی پی): پاکستان میں بنکرپسی (دیوالیہ پن) قانون کے نفاذ کے حوالے سے وزیر اعظم کی کمیٹی کا اجلاس آج وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی ہارون اختر خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول بنانے پر زور دیا گیا۔ کمیٹی نے ملک میں بنکرپسی قانون کی عدم موجودگی پر تشویش کا اظہار کیا اور اسے سرمایہ کاری کے نظام میں ایک اہم خلا قرار دیا۔

ہارون اختر خان نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے ماحول کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالا جائے گا، اور بنکرپسی قانون اس ضمن میں ایک اہم قدم ہوگا۔

اجلاس میں مختلف ممالک کے بین الاقوامی ماڈلز اور قوانین کا جائزہ لیا گیا تاکہ پاکستان کے لیے ایک مؤثر اور جامع قانون ترتیب دیا جا سکے۔ ہارون اختر خان نے بنکرپسی قانون کی تیاری کے لیے ایک ذیلی کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کیا۔

اجلاس میں ماہرینِ اقتصادیات، قانونی ماہرین اور سرمایہ کاروں نے اپنی قیمتی تجاویز پیش کیں تاکہ نیا قانون مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی ضروریات کو مؤثر انداز میں پورا کر سکے۔

وزارتِ صنعت و پیداوار آئندہ ہفتوں میں اسٹیک ہولڈرز سے مزید مشاورت جاری رکھے گی تاکہ بنکرپسی قانون کا ایک جامع اور مضبوط خاکہ تیار کیا جا سکے۔