اسلام آباد، 29 اپریل (اے پی پی): صحافی اور اینکر پرسن نمرہ عباسی نے کہا ہے کہ غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری (FDI) کے فروغ کے لیے ڈی ایف ڈی آئی جیسے ایونٹس کا انعقاد نہایت اہم ہے تاکہ پاکستان کو دنیا کے سامنے ایک مثبت پلیٹ فارم کے طور پر پیش کیا جا سکے۔
اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت جس انداز سے پاکستان کی عالمی سطح پر نمائندگی کر رہی ہے وہ قابلِ ستائش ہے۔ انہوں کہ کہا کہ جہاں ایک طرف دنیا میں پاکستان کا منفی تاثر دکھایا جاتا ہے، وہاں یہ بتانا بہت ضروری ہے کہ پاکستان ایک بومنگ اکانومی ہے۔ یہاں سرمایہ کاری کر کے نہ صرف منافع حاصل کیا جا سکتا ہے بلکہ پاکستان کی معیشت اور امیج دونوں کو فائدہ پہنچایا جا سکتا ہے۔
نمرہ عباسی نے زور دیا کہ ایسے ایونٹس کا تسلسل ملکی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں سمجھتی ہوں کہ پاکستان کے لیے یہ بہت بڑا موقع ہے اور حکومت کو چاہیے کہ ان اقدامات کو مزید وسعت دے تاکہ دنیا کو پاکستان کی اصل صلاحیت دکھائی جا سکے۔