پاکستان کی آئی ٹی مارکیٹ عالمی سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش، کانفرنس کا تسلسل ضروری ہے: ڈاکٹر سہیل ملک

59

اسلام آباد، 29 اپریل (اے پی پی):پاک آسٹریا فاخ ہوخشولے انسٹیٹیوٹ آف اپلائیڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی  سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر سہیل ملک نے کہا ہے کہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری  ڈیجیٹل فورم جیسی کانفرنس کی اشد ضرورت تھی اور یہ صرف ایک آغاز ہے، جسے جاری رہنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ایسا ایک ہب بہت پہلے قائم ہونا چاہیے تھا۔ یہ کانفرنس ایک اچھی ابتدا ہے لیکن اسے روکنا نہیں چاہیے۔

اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر سہیل نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کار اب اس بات کو سمجھنے لگے ہیں کہ پاکستان 24 سے 25 کروڑ آبادی پر مشتمل ایک بڑی مارکیٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’یہ صرف ایک صارف مارکیٹ نہیں بلکہ ایک محنت کش مارکیٹ بھی ہے۔ ہماری آئی ٹی سے متعلقہ افرادی قوت بہت باصلاحیت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے فری لانسرز، آئی ٹی کمپنیاں، سافٹ ویئر ہاؤسز اور جامعات کے گریجویٹس ایک قیمتی اثاثہ ہیں، جو کسی بھی ملک کی معیشت کو سہارا دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ڈاکٹر سہیل نے زور دیا کہ یہ کانفرنس ایک ایونٹ نہیں بلکہ ایک ایکو سسٹم کی بنیاد ہے جس کے ذریعے نیٹ ورکنگ کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ دیکھ رہے ہیں  کہ افریقہ، ایشیا، امریکہ اور یورپ سے لوگ یہاں موجود ہیں۔ ہم ان کے ساتھ کلائنٹ بیس بنا رہے ہیں اور ان کا پاکستان پر اعتماد بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کا پاکستان سے متعلق میڈیا بیانیہ بدل رہا ہے اور لوگ سمجھنے لگے ہیں کہ پاکستان ایک مختلف اور مثبت شناخت رکھتا ہے۔ یہ ایک بہت خوش آئند خبر ہے۔