پاکستان کی سبز معیشت کی طرف منتقلی  پاکستان کے مستقبل کی تشکیل کا ایک اہم عمل ہے ، مصدق ملک

3

اسلام آباد،10 اپریل (اے پی پی ): وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی مصدق ملک نے گرین سکلز کے کنسلٹیٹیو پروگرام سے خطاب کرتے ہوۓ کہا ہے کہ پاکستان کی سبز معیشت کی طرف منتقلی  پاکستان کے مستقبل کی تشکیل کا ایک اہم عمل ہے۔ سبز معیشت کے لیے درکار جابز جیسے کہ صاف توانائی، پائیدار زراعت اور قدرتی حل پر مبنی کاموں کے لیے مہارتوں کی سرمایہ کاری کرنا ضروری ہے۔ اگر ہم آج قدم نہیں اٹھاتے، تو ہم موسمیاتی اہداف کو پورا کرنے میں ناکام ہو جائیں گے۔

وفاقی وزیر نے جرمن ترقیاتی تعاون (GIZ) کی شراکت کو سراہا،جو پاکستان میں سبز روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور تکنیکی تعلیم و تربیت (TVET) کے اصلاحات میں مدد فراہم کر رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ  “گرین ٹیک ہب” سبز روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ہوگا۔ پاکستان کو COP29 اور COP30 جیسے عالمی فورمز میں سبز مہارتوں کی ترقی کے لیے ایک رہنما ملک کے طور پر ابھارنے کے لیے حکمت عملی اپنانا ہوگی۔سبز مہارتوں کی تیاری کے لیے وزارتوں اور نجی شعبے کے ساتھ مکمل تعاون ضروری ہے ۔

انھوں نے کہا کہ ہمیں فن لینڈ اور چین کی کہانی سے سیکھنے کی ضرورت ہے، سب کچھ مہارتوں اور تکنیکوں پر منحصر ہے۔وزارت ماحولیاتی تبدیلی اس مقصد کے لیے مکمل تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔پاکستان جرمنی کے ساتھ مل کر کام کریگا۔گرین مائننگ پاکستان کے لئے بہت اہم ہے۔