پاکستان ہائی کمیشن کی جانب سے کولمبو میں عید بازار کا انعقاد

20

کولمبو،2 اپریل(اے پی پی): پاکستان ہائی کمیشن کولمبو نے عید کے پُرمسرت موقع پر ایک شاندار عید بازار کا انعقاد کیا، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔

پاکستانی ہائی کمشنر میجر جنرل فہیم العزیز نے مہمانوں کا گرم جوشی سے استقبال کیا اور انہیں خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر ملائیشیا، روس اور بنگلہ دیش کے سفیروں سمیت مختلف ممالک کے سفارتی نمائندے بھی موجود تھے۔

عید بازار میں مختلف ثقافتی اور روایتی اشیاء کے اسٹالز لگائے گئے، جنہیں شرکاء نے بے حد سراہا۔ اس کے ساتھ ساتھ مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مختلف مذاہب کے نمائندوں کو بھی مدعو کیا گیا، جس سے بین المذاہب ہم آہنگی اور بھائی چارے کے پیغام کو تقویت ملی۔

یہ تقریب نہ صرف پاکستانی ثقافت کے فروغ کا باعث بنی بلکہ سری لنکا میں مقیم مختلف کمیونٹیز کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوئی۔