پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کا قیام عمل میں لانے کا فیصلہ

5

ملتان 03 اپریل (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے اس سلسلے میں ضلع ملتان میں پیرا (PERA) کے دفاتر ایم پی ڈی ڈی کی نئی بلڈنگ میں فعال کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔

کمشنر عامر کریم خاں نے  ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری کے ہمراہ ایم پی ڈی ڈی کی نئی بلڈنگ کا دورہ کیا، اس موقع پر کمشنر عامر کریم خاں نے پیرا کے نئے دفاتر فوری فعال کرنے کا حکم جاری کیا ۔

انہوں نے بریفننگ لیتے ہوئے کہا کہ پیرا آفس میں 59 ملین کی لاگت سے نئے تھانے اور بیرکس بنائی جائیں گی جبکہ نئی بلڈنگ میں میس اور جم سمیت جدید سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔

عامر کریم خاں کا کہنا تھا کہ پیرا کے قیام سے پرائس کنٹرول مہم مزید افادیت سے چلائی جائے گی جبکہ نئی اتھارٹی کے قیام سے مہنگائی مافیا کو نکیل ڈالی جائے گی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے پیرا کے حوالے سے شفاف انداز میں بھرتی مکمل کرلی ہے جبکہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی  پیرا اتھارٹی کے تحت کنٹرول کی جائے گی قبل ازیں ایکسیئن بلڈنگز محمد حیدر نے بلڈنگ کے منصوبے اور مجوزہ دفاتر کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی