لاہور 21اپریل(اے پی پی) وزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیوسینیٹر عائشہ رضانے وفد کے ہمراہ سول سیکرٹریٹ میں چیف سیکرٹری سے ملاقات کی ۔
ملاقات میں پولیو کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششیں تیز کرنے اور مسڈ چلڈرن کی سو فیصد کوریج یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔وفد میں شامل نیشنل ای او سی کوارڈینیٹرانوار الحق اور عالمی ادارہ صحت کے حکام نے پنجاب حکومت کے انسداد پولیو اقدامات کی تعریف کی۔
چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ قومی مقصدہے، وزیر اعلی پنجاب کی قیادت میں صوبائی حکومت پولیو کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب نے صوبہ کو پولیو فری بنانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز کو اپریل کی انسداد پولیو مہم کو موثر اور کامیاب بنانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے، انسداد پولیو اقدامات کیساتھ حفاظتی ٹیکہ جات کے پروگرام کو بھی بہتر بنایا جا رہا ہے۔
سینیٹر عائشہ رضا نے کہا کہ پولیو فری کا ہدف حاصل کرنے کیلئے ماحولیاتی نمونوں کا منفی ہونا بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نقل پزیر آبادی وائرس کے پھیلاو کا بڑا ذریعہ ہے، پولیو وائرس کا پھیلاو روکنے کیلئے مسڈ چلڈرن کی سو فیصد کوریج کو یقینی بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں صوبائی حکومت کی پولیو کے خاتمے کیلئے کوششیں قابل ستائش ہیں۔ سیکرٹری صحت نادیہ ثاقب اور سربراہ انسداد پولیو پروگرام عدیل تصور بھی اس موقع پر موجود تھے۔
لاہور ، حبیب شاہ