اسلام آباد، 16 اپریل ( اےپی پی):چائنہ پورٹس کمپنی کے چیئرمین نے آج وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری سے ملاقات کی جس میں گوادر میں جدید ایکواکلچر صنعت قائم کرنے کی پیشکش کی گئی جس کا وفاقی وزیر جنید چوہدری کی طرف سےخیر مقدم کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ گوادر کو سمندری خوراک کی پیداوار، پروسیسنگ کا مرکز بنائیں گے، یہ منصوبہ ساحلی علاقوں کی ترقی کے لیے معاون ثابت ہوگا جس سے بیرونی سرمایہ کاری سے مقامی معیشت مضبوط ہو گی۔
جنید انوار چوھدری نے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں چائنی کمپنی کی دلچسپی کو سراہا اور کہا کہ گوادر کا ساحل آبی زراعت کے لیے بہترین قدرتی حالات رکھتا ہے اور پاکستان کے طویل ساحلی علاقے میں ترقی کی بے پناہ گنجائش موجود ہے ۔