ملتان، 20 اپریل (اے پی پی ):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اتوار کو ملتان میں اٹھارہ کسی کے مقام پر سیاسی رہنما مرحوم قیصر عباس راں کی قل خوانی میں شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے مرحوم کی سیاسی اور سماجی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم اور ان کے والد ملک غلام سرور راں سے ان کے دیرینہ تعلقات تھے۔ مرحوم اور ان کے والد کی اپنے علاقے کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے اپنے پسماندہ علاقے کے عوام کی فلاح کےلئے بہت کام کئے جنہیں فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ بعد ازاں سید یوسف رضا گیلانی نے مرحوم کے فرزند ملک سرمد راہ کی دستار بندی کی اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
قل خوانی کی تقریب میں ایم این ایز سید علی موسی گیلانی،سید علی قاسم گیلانی سمیت سید مجتبی گیلانی، سابق ممبر صوبائی اسمبلی سید احمد مجتبی گیلانی ملک نور حسین ڈیہڑ،ایم پی اے ملک واصف مظہرراں،ملک الطاف دھرالہ، ملک نعیم خان، ملک ظفر راں ،ملک قاسم راں سمیت معززین علاقہ اور لوگوں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے آخر میں پیر سید اشتیاق احمد شاہ نے مرحوم کے ایصال ثواب اور فلسطین کے شہداء کے لیے دعا کرائی۔