اسلام آباد ،23اپریل (اے پی پی): چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا ۔
اجلاس میں سی ڈی اے کے مالیاتی نظام کو مزید شفاف، مستحکم ڈیجٹیلائز اور کیس لیس نظام متعارف کروانے کیلئے اکاؤنٹس کنٹرولر جنرل (سی جی اے) کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں دستخط کئے گئے۔
ایم او یو کا مقصد سی ڈی اے میں سیپ (SAP) کے ذریعے ایک جامع اثاثہ جات کا نظام نافذ کرنا شامل ہے جو بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ انٹرپرائز ریسورس پلاننگ (ای آر پی) پلیٹ فارم ہے. ایم او یو کے تحت سیپ (SAP) کو بجٹنگ، اکاؤنٹنگ، پے رول رنگ، پروکیورمنٹ، انوینٹری، اور فکسڈ اثاثوں کی ٹریکنگ سمیت متعدد افعال کو منظم کرنے کیلئے استعمال کیا جائے گا. یہ نظام ریئل ٹائم ڈیٹا پروسیسنگ، سینٹرلائز رپورٹنگ، اور مضبوط اندرونی مالیاتی کنٹرولز کو مزید مؤثر بنانے میں مدد فراہم کرے گا۔
سی ڈی اے کے فنانس ونگ نے سیپ کو مرحلہ وار نفاذ کا طریقہ کار اپنایا ہے جسکا آغاز نظام کی ڈیزائننگ سے ہوگا اس کے بعد ڈیٹا منیجمنٹ عملے کی تربیت اور مکمل آپریشنل رول آؤٹ شامل ہیں۔
سیپ (SAP) کے نفاذ سے سی ڈی اے کے مالیاتی معاملات کی ڈیجیٹلائزیشن سے مالیاتی ضوابط مزید شفاف اور مؤثر ہونگے. اسی طرح بروقت آڈٹ کے زریعے مالیاتی بےضابطگیوں پر بروقت قابو پانے میں مدد ملے گی. سیپ (SAP) سی ڈی اے کے مالیاتی نظام کو مزید بہتر بنانے کیلئے ایک ڈیجٹیل فنانشل ڈیش بورڈ بنائے گی جسکی بدولت سی ڈی اے کے مالیاتی نظام کا جائزہ لینے کے ساتھ متعلقہ افسران کی کارکردگی کا جائزہ لینے میں مدد ملے گی۔
اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ اکاؤنٹس کنٹرول جنرل (سی جے اے) کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنا سی ڈی اے کے وسیع تر وژن کا حصہ ہے جسکا مقصد سی ڈی اے کو جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے مالیاتی نظام کے تحت مزید مضبوط، شفاف اور مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ سی ڈی اے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے ساتھ بہتر عوامی خدمت کی فراہمی میں مدد ملے گی۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سی ڈی اے اسلام آباد کو پاکستان کا پہلا مکمل ڈیجیٹل شہر بنانے کے منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے. اسکے لئے نہ صرف تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے بلکہ سی ڈی اے نے اسلام آباد میں تمام ادائیگیاں ڈیجیٹل اور کیش لیس نظام کے تحت کی جائیں گی جس کیلئے کیو آر کوڈ سسٹم متعارف کرایا جائے گا تاکہ عوام گھر بیٹھے سی ڈی اے کی سہولیات سے فائدہ اٹھانے کے ساتھ ساتھ انکا وقت بھی بچایا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں مرحلہ وار مفت وائی فائی اور ہائی سپیڈ انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے کا بھی جائزہ لیا جائے. واضح رہے سی ڈی اے کا ون ونڈو سسٹم مکمل طور پر ڈیجیٹلائز ہوچکا ہے جہاں تمام ادائیگیاں آن لائن کی جاتی ہیں۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں اور کیش لیس نظام سے نہ صرف شفافیت بڑھے گی بلکہ عوام کو جدید سہولیات بھی میسر آئیں گی. انہوں نے کہا کہ ہم عالمی معیار کے مطابق سی ڈی اے کو مکمل ڈیجیٹل ادارہ بنائیں گے. انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد کی ترقی اور ڈیجیٹلائزیشن کے یہ اقدامات ملک بھر کیلئے ایک مثال قائم کریں گے۔