اسلام آباد،10اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیربرائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نےوزیراعظم پاکستان کے وژن کے تحت ڈیجیٹل ترقی اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن میں جاپان کے تجربات سے استفادہ کیا جائے گا ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جاپان کے سفیر ہِی اکاماتسو شویتسی سے گفتگوکرتےہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو یہاں وزارتِ میں ان سے ملاقات کی۔
وفاقی وزیر نے وزیراعظم پاکستان کے وژن کے تحت ڈیجیٹل ترقی اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن میں جاپان کے تجربات سے استفادہ کیا جائے گا ۔ ملاقات میں پاکستان اور جاپان کے درمیان ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل معیشت میں تعاون پر اتفاق اور انسانی وسائل کی ترقی بارے تبادلہ خیال کیاگیا۔
فریقین نے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر گفتگو بھی کی۔ ملاقات میں پاکستانی نوجوانوں کے لیے تعلیم، تربیت اور روزگار کے مواقع پر بات چیت کی گئی اور پاکستان میں ہنر مند افرادی قوت کی تیاری کے لیے مشترکہ اقدامات پر زور دیاگیا ۔ فریقین نے تعلیم، تحقیق اور جدید ہنر کے فروغ کے لیے تعاون پر اتفاق کرتے ہوئے آئی سی ٹی، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل گورننس میں تربیتی پروگرامز اور ڈیجیٹل معیشت میں نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بارے تفصیلی گفتگو کی ۔
ا س دوران پاکستان اور جاپان کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور بارے مثبت تبادلہ خیال اور ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کی تکمیل کے لیے جاپان کے ساتھ اشتراک پر اتفاق کیاگیا۔جاپانی سفیر نے پاکستان میں تعلیم و ٹیکنالوجی کے فروغ بارے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔