لاہور،12 اپریل (اے پی پی): وزیر ہاؤسنگ،اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ بلال یاسین نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے مقرر کردہ اہداف کی بروقت تکمیل اولین ترجیح ہے، کم آمدن والے خاندانوں کیلئے رواں سال ایک لاکھ گھروں کی تعمیر مکمل ہوگی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈی جی پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی سکندر ذیشان نے اپنی چھت ،اپنا گھر پروگرام بارے تفصیلی بریفنگ دی۔
سکندر ذیشان نے بتایا کہ بلاسود قرض حاصل کرنے کیلئے درخواست گزاروں کی تعداد 5 لاکھ 30 ہزار سے تجاوز کر گئی، وزیر ہاؤسنگ پنجاب نے کہا کہ اب تک 25 ہزار 457 افراد کو قرضوں کی اقساط جاری کی جاچکی ہیں،21 ہزار 510 گھروں کی تعمیر جاری جبکہ 1420 گھروں کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے،بلال یاسین نے کہا کہ 26 ارب 97 کروڑ کی خطیر رقم کے بلاسود قرض جاری کیے جاچکے ہیں،وزیر ہاؤسنگ پنجاب نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے مقرر کردہ اہداف کی بروقت تکمیل اولین ترجیح ہے، کم آمدن والے خاندانوں کیلئے رواں سال ایک لاکھ گھروں کی تعمیر مکمل ہوگی، بلال یاسین نے کہا کہ عوام الناس اپنی چھت اپنا گھر پروگرام بارے شکایات یا تفصیلات جاننے کیلئے ٹال فری نمبر 080009100 پر رابطہ کریں۔
اسپیشل سیکرٹری ہاؤسنگ ، سیکرٹری ٹیکنیکل اور دیگر افسران بھی اجلاس میں شریک تھے۔